25 جولائی 2015 - 16:04
صہیونی ریاست: فلسطینی قصبے کے انہدام کا حکم جاری

غرب اردن کے ایک فلسطینی دیہات کو صہیونی ریاست کی جانب سے تباہ کئے جانے کے فیصلے پر فلسطینی عوام میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق دریائے اردن کے مغربی کنارے میں واقع سوسیہ گاؤں کے شہریوں نے دیہات تباہ کرنے سے متعلق غاصب صہیونی ریاست کی نام نہاد عدلیہ کے فیصلے کو ناقابل قبول قرار دیا ہے۔ واضح رہے کہ صہیونی ریاست نے سوسیہ دیہات کے باشندوں کو تیس سال قبل بے گھر کرکے وہاں ایک صیہونی کالونی تعمیر کر دی تھی۔ اس دیہات کے بعض شہریوں نے علاقے میں اپنی زمینوں پر جھونپڑیاں بنا کر رہنا شروع کر دیا تھا تاہم صیہونی حکومت کی نام نہاد عدلیہ نے غیر قانونی تعمیر کے بہانے ان جھونپڑیوں کو بھی منہدم کرنے کا حکم جاری کر دیا۔ دوسری جانب امریکی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل کے اس فیصلے سے فلسطینی عوام مشتعل ہو سکتے ہیں۔ اقوام متحدہ سمیت مختلف عالمی اداروں نے بھی صیہونیوں کے اس اقدام کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ یورپی وفد کے نائب سربراہ ڈیوڈ گیئر نے کہا ہے کہ قانونی لحاظ سے سوسیہ دیہات، ایک مقبوضہ علاقہ سمجھا جاتا ہے اور اسرائیل، اس علاقے کے فلسطینیوں کی رہائش کا ذمہ دار ہے۔ واضح رہے کہ غاصب صیہونی حکومت، فلسطینی بستیوں کو غیر قانونی طور پر تعمیر کئے جانے کے بہانے انہیں منہدم کر رہی ہے۔ در اصل یہ اقدام فلسطینی علاقوں پر قبضہ اور یہودی کالونیوں کی تعمیر کی غرض سے کیا جا رہا ہے۔

.......

/169